لاہور (جانب منزل نیوز) مشہور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی بہن اور ٹک ٹاکر سامیہ مبارک کو مبینہ پروٹوکول دینے اور گرفتاری کے بعد چھوڑنے کے معاملے پر لاہور پولیس کے تین اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
ڈیفنس بی پولیس کے ایس ایچ او سمیت تین اہلکاروں پر اختیارات سے تجاوز اور مبینہ طور پر پیسے لے کر ملزمان کو چھوڑنے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متعلقہ اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ایس ایچ او ڈیفنس بی، محرر اور لیڈی کانسٹیبل کو انکوائری کے شفاف انعقاد کے لیے عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔ سامیہ مبارک کو مبینہ طور پر بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی پر روکا گیا تھا، تاہم اس کے بعد گرفتاری اور رہائی کے معاملے پر سوالات اٹھے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات ایس ایس پی آپریشنز کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ انکوائری میں الزامات ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام کے مطابق تحقیقات کا مقصد معاملے کے حقائق سامنے لانا اور اہلکاروں کی جانب سے مبینہ اختیارات کے ناجائز استعمال کی جانچ کرنا ہے۔ تاحال الزامات کی حتمی تصدیق انکوائری سے مشروط ہے۔





