کراچی (جانب منزل نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ اگر وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی ہر صورت اسلام آباد جائے گی۔ انہوں نے ملک بھر کے 150 شہروں میں بیک وقت احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
کراچی میں گل لالہ پارک کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک جاری ہے، جس کا تیسرا مرحلہ جمعہ سے شروع ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج انتہائی معمولی ہے اور اس سے عوام کو خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچ رہا۔
حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم لیوی کو بھتہ ٹیکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی انتشار اور فساد نہیں چاہتی، تاہم حکومت کو اپنا مؤقف واضح کرنے کے لیے تمام مواقع فراہم کیے جاچکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر پورے پاکستان کی معیشت چلاتا ہے، لیکن اس کے شہری پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں۔ ان کے مطابق شہر میں پانی کا بحران حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے اور بعض علاقوں میں شہریوں کو 21 دن بعد پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں صفائی ستھرائی کا نظام ٹاؤنز اور یونین کونسلز کے حوالے کیا جائے تاکہ مقامی سطح پر عوامی مسائل حل ہوسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے محدود اختیارات کے باوجود بلاامتیاز عوامی خدمت کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے منتخب چیئرمین کی جانب سے پانچ ہزار تعلیمی کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا اور پیپلز پارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے میئر شپ پر قبضہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات میں عوام بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کریں۔ ان کے مطابق عوامی مینڈیٹ پر قبضہ روکنے کے لیے اے سی اور ڈی سی دفاتر کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق، کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، بصورت دیگر اسلام آباد مارچ اور ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔





