کیلیفورنیا (جانب منزل نیوز) چیٹ جی پی ٹی نے صارفین کی نجی گفتگو کے تحفظ کے لیے نیا چیٹ لاک فیچر متعارف کرا دیا، جس کے ذریعے حساس اور ذاتی چیٹس کو پن کوڈ یا بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے محفوظ بنایا جا سکے گا۔
کمپنی کے مطابق نئے فیچر کے تحت صارفین اپنی منتخب گفتگو کو چار ہندسوں کے پن کوڈ، فیس آئی ڈی یا ٹچ آئی ڈی کے ذریعے لاک کر سکیں گے۔ یہ سہولت بالخصوص ان افراد کے لیے مفید ہے جو اپنی ڈیوائسز دوسرے لوگوں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں اور اپنی نجی گفتگو تک غیر مجاز رسائی روکنا چاہتے ہیں۔
چیٹ لاک کرنے کے بعد متعلقہ گفتگو عام چیٹ ہسٹری، پن کی گئی چیٹس اور سرچ نتائج میں نظر نہیں آئے گی، بلکہ اسے پراجیکٹس میں موجود لاکڈ چیٹس کے مخصوص فولڈر کے ذریعے کھولا جا سکے گا۔
چیٹ جی پی ٹی میں پہلے سے عارضی چیٹس کا فیچر بھی موجود ہے، جس کے ذریعے ایسی گفتگو کی جا سکتی ہے جو عام چیٹ ہسٹری میں ظاہر نہیں ہوتی۔ تاہم، چیٹ لاک کا مقصد حساس گفتگو کو محفوظ رکھتے ہوئے اس تک رسائی محدود کرنا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے فیچر کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے اور اسے مرحلہ وار مفت، گو، پلس، پرو، بزنس، انٹرپرائز اور ایجو پلانز کے صارفین تک پہنچایا جائے گا۔





