کرائسٹ چرچ (جانب منزل نیوز) نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان طویل دورے میں تینوں فارمیٹس کے مجموعی طور پر 12 میچز کھیلے جائیں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق دورے میں پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔ سیریز کا اختتام یکم دسمبر کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے ساتھ ہوگا۔
شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز 22 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلی جائے گی۔ پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے ابتدائی دو مقابلے کرائسٹ چرچ میں ہوں گے، جبکہ بقیہ تین میچز ویلنگٹن، آکلینڈ اور ہیملٹن میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ون ڈے فارمیٹ میں مدمقابل ہوں گی۔ پانچ ون ڈے میچز 4 سے 15 نومبر تک شیڈول ہیں، جن کے ابتدائی تین مقابلے آکلینڈ، ویلنگٹن اور ہیملٹن میں جبکہ آخری دو میچز ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلے جائیں گے۔
دورے کے آخری مرحلے میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ہوگی۔ پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 نومبر تک ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 27 نومبر سے یکم دسمبر تک کرائسٹ چرچ میں شیڈول ہے۔
نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان یہ طویل سیریز شائقینِ کرکٹ کے لیے تینوں فارمیٹس میں دلچسپ مقابلوں کا موقع فراہم کرے گی۔





