راولپنڈی (جانب منزل نیوز) پاکستان میں مملکت سعودی عرب کے نومنتخب سفیر ڈاکٹر راجح تامی البغامی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے مشترکہ دفاعی معاہدے کے فریم ورک کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی مدتِ سفارت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔





