راولپنڈی (جانب منزل نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کیلئے اولین ترجیح ہے، مذاکرات میں ناکامی اور تصادم کی صورت میں مکہ دفاعی اتحاد حرکت میں آئے گا۔
انڈیپنڈنٹ عربیہ کو انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دوٹوک ہے، سعودی عرب کی خودمختاری،علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، مقدس مقامات پر حملوں پر پاکستانی عوام، سیاسی، عسکری قیادت میں شدید غم وغصہ ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچنا ناگزیر ہے، تنازعات کو بڑھانے سے کسی ملک کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، مذاکرات میں ناکامی اور تصادم کی صورت میں مکہ دفاعی اتحاد حرکت میں آئے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب میں امن، استحکام پر یقین رکھتے ہیں، مکہ دفاعی اتحاد کا کوئی بھی جارحانہ ارادہ نہیں، مکہ دفاعی اتحاد کسی خاص ملک کے خلاف نہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری نے مزید کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کا مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دینا ہے، پاکستان کا پیغام سیاسی قیادت اور فیلڈ مارشل کے ذریعے پہلے ہی سامنے آچکا ہے، مسلمانوں کو آپس میں لڑنے کے بجائے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔





