ساہیوال (جانب منزل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ آج پنجاب آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے جدید دور میں داخل ہو رہا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کی صورتحال اس کے برعکس ہے۔ ساہیوال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ عوام کو شعور دینے کے دعویدار تھے، انہوں نے دراصل عوام کی زندگیاں تباہ کیں۔
مریم نواز نے سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کا پہلا لانگ مارچ ایسا تھا جو اپنی ہی حکومت کے خاتمے پر انجام کو پہنچا، اور اب خیبرپختونخوا کے عوام کو اصل ترقی کا مفہوم سمجھ آئے گا۔
صوبے میں جاری ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خدمت کا جذبہ لے کر نکلی ہیں اور نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں فلاحی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں 3000 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جن کا کرایہ سستا ترین یعنی صرف 20 روپے رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ کے لیے اسکُوٹیز کی ماہانہ قسط بھی صرف 3000 روپے رکھی گئی ہے تاکہ نوجوانوں پر مالی بوجھ نہ پڑے۔
تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے پر معلوم ہوا کہ 80 فیصد جامعات وائس چانسلرز سے محروم تھیں، لیکن اب تمام جامعات میں میرٹ پر وائس چانسلر تعینات کیے گئے ہیں اور گھر کی سفارش کو بھی مسترد کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت خود چل کر عوام کے پاس جارہی ہے اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات اور دوائیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔





