اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دفاعی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے دفاعی، اقتصادی اور سفارتی تعاون مضبوط بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں اور حالیہ برسوں میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون نے نمایاں پیشرفت کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ برادرانہ تعلقات اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کو طویل مدتی اقتصادی اور مالی معاونت فراہم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔





