راولپنڈی (جانب منزل نیوز) روسی فیڈریشن کے وزیر داخلہ ولادی میر کولوکولٹسف نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ دونوں جانب سے سیکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی ادارہ جاتی روابط اور بہتر ہم آہنگی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور بالخصوص سیکیورٹی کے شعبے میں ٹھوس تعاون کو وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق روسی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔





