ممبئی (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار عمران ہاشمی اپنی نئی جاسوسی فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک خطرناک حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئے۔ فلم کے ایک سنسنی خیز اسٹنٹ کی عکس بندی کے دوران کار اداکار کے چہرے سے محض ایک فٹ کے فاصلے پر آ گری، تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ بنگلورو میں فلم کے کلائمکس کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔ منظر کی عکس بندی کیلئے ایک خصوصی میکانزم کے ذریعے کار کو ہوا میں معلق رکھا جا رہا تھا کہ اچانک تکنیکی خرابی کے باعث گاڑی نیچے آ گری۔ حادثے کے بعد شوٹنگ کچھ دیر کیلئے روک دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق 47 سالہ عمران ہاشمی کو حادثے میں کوئی چوٹ نہیں آئی، جبکہ کسی دوسرے شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی سامنے نہیں آئی۔ تاہم فلم کے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، اس لیے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گاڑی کا گرنا اسٹنٹ کا طے شدہ حصہ تھا یا واقعی تکنیکی خرابی کا نتیجہ۔
آدتیہ دت کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ میں عمران ہاشمی کے ساتھ جینیلیا ڈی سوزا، اپارشکتی کھرانہ اور ابھیشیک سنگھ بھی اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ فلم کی ریلیز 27 نومبر 2026 کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں شیڈول ہے۔





