بنکاک (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی صدر زو جیائی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، ریلوے کی جدیدکاری اور معاشی استحکام کیلئے مالی معاونت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری اور ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔ اے آئی آئی بی نے رواں سال کے اختتام سے قبل بجلی کی ترسیل کے منصوبے کی منظوری دینے کا ہدف مقرر کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ایم ایل ون ریلوے منصوبے کے کراچی سے روہڑی سیکشن کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ مشترکہ مالی معاونت اور منصوبے کے دیگر حصوں کیلئے متوازی فنانسنگ کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس تعاون کو ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی وسائل کی فراہمی کے تناظر میں اہم قرار دیا گیا۔
ملاقات میں کثیر سالہ قرضہ جاتی پروگرام، منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا گیا۔ توانائی اور غذائی تحفظ سے متعلق دباؤ سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بجٹ معاونت اور موسمیاتی ترجیحات سے منسلک پالیسی فنانسنگ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پانڈا بانڈ کیلئے ضمانت کی فراہمی میں اے آئی آئی بی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع، قرضوں کی مدت میں توسیع اور ری فنانسنگ کے خطرات کم کرنے کیلئے پاکستان کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں مستقبل میں کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے مالی وسائل کے حصول میں معاونت اور یورو بانڈز کی ٹوکنائزیشن کے حوالے سے تکنیکی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
پاکستان کیلئے توانائی کے نظام کی بہتری، ریلوے کی جدیدکاری اور ترقیاتی منصوبوں کی پائیدار فنانسنگ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ تاہم ان منصوبوں کے ثمرات کا انحصار مالی معاونت کی بروقت فراہمی، مؤثر عملدرآمد اور وسائل کے شفاف استعمال پر ہوگا۔





