نیویارک (جانب منزل نیوز) مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے مصنوعی ذہانت اے آئی کے غیر محفوظ استعمال اور اس کے خطرات پر عالمی برادری کو خبردار کر دیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں اے آئی کے ذریعے کیے جانے والے سائبر حملے سب سے بڑا چیلنج ہوں گے، جبکہ شرپسند عناصر کی جانب سے سیفٹی فلٹرز ہٹا کر ٹیکنالوجی کا غلط استعمال سنگین نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔
بل گیٹس نے واضح کیا کہ فی الحال سب سے بڑا خدشہ اے آئی کا خود اپنے قابو سے باہر ہونا نہیں، بلکہ ایسے افراد کا اسے غلط مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے جو حفاظتی اقدامات کو بائی پاس کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ بغیر کسی سخت سکیورٹی اور نگرانی کے جدید ترین اے آئی ماڈلز غلط ہاتھوں میں پہنچنے سے نہ صرف سائبر سکیورٹی بلکہ حیاتیاتی دہشت گردی جیسے ہولناک خطرات جنم لے سکتے ہیں۔
بل گیٹس نے روزگار کے شعبے میں اے آئی کے اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس مؤقف کی مخالفت کی کہ اے آئی کمپنیاں خود اپنی ضابطہ بندی کر سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی خطرناک ٹیکنالوجی کی نگرانی صرف کمپنیوں پر نہیں چھوڑی جا سکتی اور معاشرے کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر حکومتی قوانین ناگزیر ہیں





