استنبول (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ترکیہ کی وزارت داخلہ میں اپنے ترک ہم منصب مصطفیٰ چفتچی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں غیر قانونی امیگریشن مافیا کے خلاف کیے جانے والے کریک ڈاؤن اور اس کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا۔ ترک وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان سے ترکیہ جانے والے غیر قانونی تارکین وطن کی شرح 70 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد رہ گئی ہے۔ انہوں نے غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی پر پاکستانی اقدامات کو سراہا۔
ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے سدباب کے لیے تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ دونوں وزرائے داخلہ نے وزارت داخلہ کے درمیان رابطوں اور مشترکہ اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں ممالک نے سائبر پولیسنگ، اینٹی نارکوٹکس فورس، نیشنل پولیس اکیڈمی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں تکنیکی معاونت، ماہرین کے تبادلوں اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔





