لاہور(جانب منزل نیوز)لاہور کی ایک نجی سوسائٹی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کال سینٹر کا بھانڈا پھوڑ دیا، جہاں سے ایک خاتون سمیت 39 افراد کو گرفتار کر لیا گیا
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یہ گروہ آن لائن قرضہ فراہم کرنے والی مختلف ایپس کے ذریعے شہریوں سے فراڈ اور بلیک میلنگ میں ملوث تھا۔ قرض واپسی میں تاخیر پر ملزمان مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ شہریوں کی تصاویر ایڈٹ کر کے ان کی جعلی فحش تصاویر بناتے تھے اور اہل خانہ کو بھیجنے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرتے تھے۔
این سی سی آئی اے کی ٹیم نے موقع سے 40 لیپ ٹاپ، 41 موبائل فونز اور مختلف قرضہ ایپس کا مواد برآمد کر کے کال سینٹر کو سیل کر دیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کے مطابق برآمد شدہ تمام ڈیجیٹل آلات فرانزک تجزیے کے لیے ارسال کر دیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کے مالی معاملات اور بیرونی روابط کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔








