دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی میں عید کی چھٹیوں کے بعد تعلیم کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ عید کے بعد ادارے میں 15 اپریل کو کلاسز کا آغاز ہوا۔ بچے سکول پہنچے تو پرنسپل مس شمائلہ احمد نے اسٹاف کے ساتھ ان کا والہانہ انداز میں استقبال کیا۔
پورا سکول دلہن کی طرح سجا ہوا تھا۔ رنگ برنگے غبارے بچوں کی توجہ کا مرکز تھے۔ گراؤنڈ میں سٹال سجے تھے۔ بچوں نے فوٹو فریمز میں تصاویر بنوائیں۔ اسٹالز پر موجود اسٹاف نے انہیں چاکلیٹس دیں۔ بچیوں کے ہاتھوں پر مہندی لگائی اور سب کے چہروں پر پینٹنگ کی۔
فزیکل ایجوکیشن کے اساتذہ نے بچوں کی تفریح کے لئے کچھ دلچسپ کھیلوں کا اہتمام بھی کر رکھا تھا جن میں بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔عید گالا کی اس تقریب نے بچوں کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا تھا۔رنگ برنگے کپڑوں میں ملبوس بچوں نے اپنی خوشی کا اظہار پرنسپل اور اپنے پسندیدہ اساتذہ کے ساتھ تصاویر بنوا کر کیا۔