برسلز (جانب منزل نیوز) برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے فوڈ فیسٹیول، رمضان بازاراور پاکستانی ثقافت پر مشتمل رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ، پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے افتتاح کیا۔ ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق فوڈ فیسٹیول اور رمضان بازار کے ساتھ پاکستانی ثقافت پر مشتمل رنگا رنگ تقریب کا آغاز ہو گیا، تقریب کا افتتاح یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے کیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ یوم پاکستان کے پرمسرت علامت کے طور پر اس تقریب کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شاندار اور لذیذ روایتی پکوان ایک طویل تاریخ ، روایات اور عمدہ لذت کا عکاس ہیں جو قدیم زمانے سے فروغ پا رہے ہیں۔ فیسٹیول میں بریانی، چکن کراچی، نان کباب، جلیبی سموسے اور بہت کچھ جیسے مشہور پکوانوں سمیت پاکستانی لذیذ پکوانوں کی نمائش اور مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ پاکستانی سفیر نے مہمانوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کس دیدہ زیب انداز میں پاکستانی روایتی کھانوں میں پاکستان کے جغرافیائی اور ثقافتی تنوع کی جھلک نظرآتی ہے۔
اس فیسٹیول نے سفارتی تبادلوں، ثقافتی دلکشی اور خوش ذائقہ پکوانوں کی تیاری کے لئے ایک دلکش پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ اس پرجوش اجتماع میں بیلجیئم اور لکسمبرگ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ ساتھ سفارتکاروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستانی ذائقوں سے لطف اندوز ہوئے اور خوب تعریف کی۔ اس تقریب نے ثقافتی تبادلے اور مہمان نوازی سے ہم آہنگ حسین امتزاج کے طور پر کام کیا۔
ایک ایسے وقت میں جب پاکستان 23 مارچ کو اپنے قومی دن کی تیاریاں کر رہا ہے، برسلز میں ہونے والا فوڈ فیسٹیول اہمیت اختیار کر گیا ہے، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستانی ورثے اور مہمان نوازی کے جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔