نیویارک (جانب منزل نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے،کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز پاکستان کے سفیر ہیں جو دنیا بھر میں اپنے مثبت کردار سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں،انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم سے امریکا میں مقیم انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آٹو موبائل، توانائی، تعمیرات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات و پروفیشنلز کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔وزیرِ اعظم نے وفود کو خوش آمدید کہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز پاکستان کے سفیر ہیں جو دنیا بھر میں اپنے مثبت کردار سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے،ایف بی آر میں اصلاحات سے کاروباری برادری کے مسائل کو حل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی زرعی شعبے کی ترقی کیلئے شعبے میں جدت کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔کاروباری شخصیات کے وفود نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں زراعت، صنعت، برآمدات بالخصوص ایف بی آر میں اصلاحات کی تعریف کی۔ملاقاتوں میں رانا مشہود احمد خان چئیرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ، وزیرِ اعظم کے ترجمان برائےغیر ملکی میڈیا مشرف زیدی، سید قمر رضا چئیرمین اوور سیز فاؤنڈیشن، منیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔








