بارسلونا(جانب منزل نیوز) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کے زیرِ اہتمام وزیراعظم یوتھ پروگرام کے وژن اور اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی تقریب ہوئی، جس میں نوجوانوں کی ترقی، انہیں بااختیار بنانے اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے دستیاب مختلف مواقع پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ قونصل جنرل آف پاکستان بارسلونا مراد علی وزیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستانی نوجوانوں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو تعلیم، پیشہ ورانہ مہارتوں، کاروبار، روزگار اور قومی ترقی کے عمل میں مؤثر شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے خصوصی نمائندے رضوان انور نے نوجوانوں کی ترقی سے متعلق وزیراعظم کے وژن پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے نوجوانوں پر مرکوز حکومتی اقدامات کا جامع جائزہ پیش کرتے ہوئے مختلف پروگراموں اور مواقع پر روشنی ڈالی، جن کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو ایسی مہارتیں اور وسائل فراہم کرنا ہے جن کی مدد سے وہ ملک کے مستقبل کی تعمیر میں بامعنی کردار ادا کرسکیں۔
بعد ازاں سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس کے دوران شرکا نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کیا۔ نشست میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم، پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ، کاروباری مواقع اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے دستیاب دیگر سہولتوں سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کی خصوصی نمائندہ مہا جمیل نے وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP)، ڈیجیٹل یوتھ ہب (DYH) اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے دستیاب مختلف مواقع کے دائرہ کار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکا کو ان اقدامات کے تحت دستیاب وسائل اور پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
تقریب کے دوران وزیراعظم یوتھ ہب کے حوالے سے ایک معلوماتی ویڈیو ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔ اظہارِ تشکر اور پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کی علامت کے طور پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے خصوصی نمائندوں کو اجرکیں پیش کی گئیں۔ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا نے ایسے اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، بالخصوص نوجوانوں، کو پاکستان کے قومی ترقیاتی پروگراموں اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ مواقع سے منسلک کرتے ہیں۔








