کوپن ہیگن (جانب منزل نیوز) ڈنمارک میں یکم جنوری 2027 سے غیر ملکی کارکنوں کی بھرتی کے لیے نئی امیگریشن اسکیم متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے تحت اہل ڈینش کمپنیاں 16 مخصوص ممالک کے شہریوں کو ملازمت کے لیے بلا سکیں گی۔
نئی اسکیم کے لیے متعلقہ ڈینش کمپنی کا اجتماعی معاہدے کے تحت رجسٹرڈ ہونا، کم از کم دو سال سے کاروبار کرنا اور ڈنمارک میں کم از کم 10 کل وقتی ملازمین رکھنا ضروری ہوگا۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کمپنیوں کو ڈنمارک کے امیگریشن حکام کے پاس رجسٹریشن اور اہلیت کی تصدیق بھی حاصل کرنا ہوگی۔
اسکیم کے تحت غیر ملکی کارکن کے لیے کم از کم سالانہ تنخواہ 3 لاکھ 22 ہزار ڈینش کرون مقرر کی گئی ہے، جو ڈنمارک میں بعض دیگر ورک پرمٹ کی مقررہ تنخواہ کی حد سے کم ہے۔امیگریشن اسکیم سے بیرونِ ملک سے ہنرمند افرادی قوت حاصل کرنے والی کمپنیوں کے لیے مواقع بڑھیں گے، تاہم اس سہولت سے صرف مقررہ شرائط پر پورا اترنے والے آجر ہی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ترجیحی شعبے درج ذیل سائنسی کیٹیگریز کے مطابق فکس کیے گئے ہیں
آئی ٹی اور انجینئرنگ سیکٹر : سافٹ ویئر ڈویلپرز، ڈیٹا آرکیٹیکٹس، کلاؤڈ مینیجرز، بزنس انٹیلیجنس مینیجرز اور الیکٹرانکس ٹیکنیشنز۔
ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر: ڈاکٹرز، نرسیں، ڈینٹسٹ، پیرامیڈیکس اور سوشل و ہیلتھ کیئر ورکرز۔
تکنیکی اور مینوفیکچرنگ اسکلز: پلمبرز، الیکٹریشنز، ویلڈر، پائلٹس، شیف اور بیکرز۔
See less








