افریقہ (جانب منزل نیوز) جنوبی افریقہ کے صحرائی علاقوں میں پایا جانے والا اسپیکلڈ پیڈلوپر (Speckled Padloper) دنیا کے سب سے چھوٹے کچھوؤں میں شمار ہوتا ہے، جس کی ننھی جسامت اور منفرد طرزِ زندگی اسے جنگلی حیات کی دنیا میں غیر معمولی اہمیت دیتی ہے۔
اس نایاب کچھوے کے خول کی لمبائی صرف 8 سے 10 سینٹی میٹر جبکہ وزن تقریباً 140 گرام ہوتا ہے، جس کے باعث یہ انسانی ہتھیلی میں باآسانی سما سکتا ہے۔ چٹانوں کی تنگ دراڑوں میں پناہ لینے والا یہ ننھا جاندار قدرتی طور پر خود کو شکاریوں سے محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تاہم، مسکن کی تباہی اور غیر قانونی شکار اس نایاب نسل کے لیے خطرے کی گھنٹی بن چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس منفرد مخلوق کی بقا کے لیے قدرتی ماحول کا تحفظ اور غیر قانونی شکار کی روک تھام ناگزیر ہے۔





