ملائیشیا (جانب منزل نیوز) سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے امریکا کو 1-5 گول سے شکست دے دی۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ایونٹ کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور حریف کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے 18ویں منٹ میں گول کرکے کھاتہ کھولا، جبکہ 21ویں منٹ میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گیند جال میں پہنچا کر برتری دگنی کردی۔
تیسرے کوارٹر میں امریکا نے ایک گول کرکے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، تاہم محمد عماد نے فوری گول کرکے پاکستان کی برتری 3-1 کردی۔
آخری کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے مزید دو گول داغے، 46ویں منٹ میں ابو محمد اور 58ویں منٹ میں حنان شاہد نے گول کرکے پاکستان کی پانچ گولز کے ساتھ فتح یقینی بنادی۔
پاکستان کی اس شاندار کامیابی نے سلطان اذلان شاہ کپ میں قومی ٹیم کے حوصلے بلند کردیے، گرین شرٹس کی جارحانہ حکمت عملی اور عمدہ ٹیم ورک نے شائقین ہاکی کو خوش کردیا۔





