اسلام آباد (جانب منزل نیوز) کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے دو باصلاحیت ننھے شطرنج کھلاڑیوں عبدالرحمٰن اور محمد مصطفیٰ کو اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی پذیرائی ملی، جہاں چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے دونوں بچوں سے ملاقات کی اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران کائنات اظہر خان نے ننھے کھلاڑیوں کے ساتھ دوستانہ ماحول میں گفتگو کی اور شطرنج کے کھیل میں ان کی غیر معمولی ذہانت اور مہارت کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
دورے کے دوران دونوں بچوں نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز میں قائم تفریحی مقام پر مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا اور خوشگوار وقت گزارا۔
ملاقات کے اختتام پر سی ٹی او کائنات اظہر خان نے دونوں بچوں کی تعلیم اور کھیل کے میدان میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ننھی عمر میں ذہانت کے ایسے روشن چراغوں کی حوصلہ افزائی یقیناً پاکستان کے مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے ایک خوبصورت پیغام ہے۔





