دبئی(جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں نئے سال 2027 کا استقبال ایک نئے اور منفرد انداز میں کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ معروف ڈیولپر اعمار (Emaar) نے اعلان کیا ہے کہ اس بار نئے سال کی تقریبات میں پہلی مرتبہ عالمی شہرت یافتہ تفریحی ادارے سرک ڈو سولے (Cirque du Soleil) کے فنکار بھی اپنی شاندار لائیو پرفارمنس پیش کریں گے۔
خصوصی شو 31 دسمبر 2026 کو ڈاؤن ٹاؤن دبئی میں منعقد ہوگا، جس میں برج خلیفہ، دبئی فاؤنٹین اور شہر کی دلکش اسکائی لائن کو شاندار پس منظر کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
اعمار کے مطابق اس مرتبہ آتش بازی کے مظاہرے کو جدید ٹیکنالوجی اور منفرد ڈیزائن کے ذریعے مزید دلکش بنایا جائے گا، جبکہ سرک ڈو سولے کی پرفارمنس کو نئے سال کی کاؤنٹ ڈاؤن تقریب کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے گا۔
تقریبات کے لیے برج پارک میں خصوصی پریمیم ٹکٹڈ ایریا بھی قائم کیا جائے گا، جہاں مہمانوں کو الگ تفریحی ماحول اور خصوصی سہولیات میسر ہوں گی۔
اعمار کے بانی محمد العبار کا کہنا ہے کہ دبئی ہمیشہ دنیا کو حیران کرنے والے منفرد تجربات پیش کرنے کے لیے کوشاں ہے، نئے سال 2027 کی تقریب میں جدید آتش بازی، عالمی معیار کی تفریح اور فنکارانہ مہارت کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔
تقریب کے ٹکٹوں کی قیمتوں، کیٹیگریز اور بکنگ کی تاریخوں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا، تاہم اعمار کے مطابق تفصیلات جلد باضابطہ ذرائع سے جاری کی جائیں گی۔
دبئی کا نئے سال کا جشن ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے، جہاں آسمان پر رنگ و نور کی برسات اور عالمی فنکاروں کی پرفارمنس مل کر یادگار لمحات تخلیق کریں گے۔





