ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی خاتون ریلی ڈرائیور نورہ الجساسی نے موٹر اسپورٹس کی دنیا میں تاریخ رقم کردی۔ وہ ابو ظبی ڈیزرٹ چیلنج 2026 میں حصہ لینے والی پہلی اماراتی خاتون بن گئی ہیں۔ رواں سال فیڈریشن انٹرنیشنل ڈی آٹوموبائل (FIA) کی رجسٹرڈ انٹری لسٹ میں وہ واحد خاتون ڈرائیور بھی ہیں۔
نورہ الجساسی کا یہ سفر تین سالہ جدوجہد، عزم اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ وہ دنیا کے مشکل ترین صحرائی علاقوں میں شمار ہونے والے رب الخالی (Empty Quarter) کے دشوار گزار ریتیلے راستوں پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔
اس بڑے مقابلے کے لیے نورہ نے ایک سال سے زائد عرصہ تیاری کی، جسمانی فٹنس بہتر بنائی اور صحرائی ڈرائیونگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت حاصل کی۔
رواں سال مڈل ایسٹ ریلی چیمپئن شپ میں تکنیکی مسائل اور سخت مقابلے کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ دبئی انٹرنیشنل باجا میں ٹی فور کیٹیگری میں تیسری جبکہ قطر انٹرنیشنل باجا میں چوتھی پوزیشن حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
نورہ الجساسی کی یہ تاریخی پیش رفت اماراتی خواتین کے لیے ایک نئی مثال بن گئی ہے، جہاں انہوں نے ثابت کردیا کہ عزم، حوصلے اور محنت سے مشکل ترین میدانوں میں بھی کامیابی کے نئے راستے کھولے جاسکتے ہیں۔





