دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی ایک بار پھر عالمی سطح کے اہم اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جہاں دنیا بھر کے پولیس سربراہان، سکیورٹی ماہرین اور عالمی رہنما ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر محفوظ معاشروں کے مستقبل کی حکمت عملی مرتب کریں گے۔
ورلڈ پولیس سمٹ 2026 کا پانچواں ایڈیشن 16 سے 18 نومبر تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوگا۔ تین روزہ عالمی اجتماع میں 90 سے زائد ممالک کے 220 سے زیادہ عالمی رہنما، وزرائے داخلہ، پولیس سربراہان اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے، جبکہ 150 سے زائد نمائش کنندگان جدید سکیورٹی ٹیکنالوجی پیش کریں گے۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی اس سمٹ کا مرکزی موضوع عالمی پولیس اداروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانا اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں اے آئی، روبوٹکس، جدید پولیسنگ، سائبر سکیورٹی، منظم جرائم، کرپشن اور سرحد پار جرائم کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ مختلف ممالک کے ماہرین اپنے تجربات اور جدید سکیورٹی حل بھی پیش کریں گے۔
اس سال سمٹ میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی تنظیموں کے لیے خصوصی پویلین قائم کیا جائے گا، جس میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم سمیت چھ عالمی اور علاقائی تنظیمیں شرکت کریں گی۔
ورلڈ پولیس سمٹ کے سیکریٹری جنرل کرنل ڈاکٹر راشد حمدان الغفری کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی پولیس اداروں کا باہمی تعاون ناگزیر ہے، سمٹ کا مقصد مذاکرات کو عملی شراکت داری اور مؤثر اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔
اجلاس کے آخری روز پولیسنگ اور سکیورٹی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو 13 مختلف کیٹیگریز میں عالمی ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔





