انٹیگوا اینڈ باربوڈا (جانب منزل نیوز) انٹیگوا اینڈ باربوڈا میں برطانوی شاہی جوڑے کی سرکاری تقریب کے دوران موسم نے اچانک رنگ بدل لیا۔ موسلادھار بارش کے باعث کنگ چارلس سوم بھیگ گئے، جبکہ ملکہ کمیلا چھتری کے ساتھ محفوظ مقام پر منتقل ہوگئیں۔
کیریبین ملک کی آزادی کی 45ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ پریڈ کے دوران اچانک بارش شروع ہوئی تو کنگ چارلس چھتری کے لیے اپنے عملے کی جانب دیکھتے اور اشارے کرتے رہے۔ اس دوران ملکہ کمیلا شفاف چھتری کے ساتھ پناہ گاہ میں پہنچ گئیں۔
کچھ دیر بعد بادشاہ کو بھی چھتری فراہم کردی گئی، جس کے بعد انہوں نے فوجی دستوں کا معائنہ سمیت اپنی سرکاری مصروفیات جاری رکھیں۔ بارش تقریباً پانچ منٹ تک جاری رہی، جس کے بعد موسم صاف ہوگیا اور تقریب دوبارہ معمول کے مطابق شروع ہوگئی۔
بعد ازاں کنگ چارلس نے انٹیگوا اینڈ باربوڈا کے وزیراعظم گیسٹن براؤن سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بھیگے ہوئے لباس پر مزاحیہ تبصرہ کیا اور کہا کہ لگتا ہے ان کے سوٹ پر آبی پودے اگنے والے ہیں۔





