پشاور (جانب منزل نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے وفاق کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے، جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ مشترکہ طور پر لڑنا ہوگی۔
صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں تعلیم و صحت کی بہتری، اداروں میں اصلاحات اور وفاق سمیت دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق ہونی چاہیے اور قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
دوسری جانب گورنر ہاؤس پشاور میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو انتہا پسندی سے دور رکھنے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مدارس کے طلبہ کو بھی کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پشاور میں منعقد کی جائے تاکہ دنیا کو امن اور مثبت سرگرمیوں کا پیغام دیا جا سکے۔





