پشاور (جانب منزل نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق کے ساتھ اب ہمارے اختلافات نہیں ہوں گے، مل کر چلیں گے اور تمام صوبوں کے ساتھ ایک پیج پر ہوں گے، ہم ایک یونٹ بن کر کام کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے بھر کو صاف ستھرا بنانے کا تہیہ کرلیا ہے، صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز پشاور سے کیا گیا ہے، اس معاملے میں کسی کی سفارش نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ گندم کے حوالے سے بھی انکوائری شروع کردی گئی ہے، معلوم کیا جائے گا کہ صوبے کو ملنے والی گندم کیسے غائب ہوئی۔ اس معاملے کے حقائق سامنے لائے جائیں گے اور انکوائری رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اب صرف ایسے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوگا جو عوام کے لیے مفید ہوں۔ ماضی میں ترقیاتی کاموں کے لیے چار چار محکمے بل بناتے تھے، تاہم اب غیر ضروری منصوبوں پر کام نہیں کیا جائے گا اور سرکاری پیسہ کسی کو ہڑپ کرنے نہیں دیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے ٹریفک نظام کی بہتری کے حوالے سے کہا کہ ٹریفک قوانین پر غور کے لیے اجلاس بلایا گیا ہے۔ ٹریفک قوانین کو بہتر بنایا جائے گا اور کیمروں کی مدد سے ٹریفک نظام کی نگرانی کی جائے گی تاکہ چالان سے متعلق شکایات کا خاتمہ ہوسکے۔
بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر گورنر کے پی نے کہا کہ وہ واپڈا حکام کے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کے حل کے لیے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کا زمانہ گزر گیا، اب لوگوں کو بجلی کے بل ادا کرنا ہوں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اب یہ شکایت نہیں ہوگی کہ وفاق صوبے کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے یا بجلی اور گیس کی فراہمی میں مسائل پیدا کیے جا رہے ہیں۔ بجلی اور گیس سے متعلق معاملات جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور تمام اکائیاں مل کر ملک کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کریں گی۔





