اسلام آباد (جانب منزل نیوز) پاکستان کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں نمایاں ترقی ریکارڈ کی ہے، جس کے دوران آئی ٹی برآمدات کا حجم ایک ارب 24 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔
ستمبر میں آئی ٹی برآمدات کی مالیت تقریباً 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی، جو ماہانہ بنیاد پر 10 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 18 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی خدمات کی برآمدات میں آئی ٹی شعبے کا حصہ 46 فیصد تک پہنچ گیا، جبکہ اس شعبے نے تجارتی توازن میں بھی نمایاں سرپلس ریکارڈ کیا۔
آئی ٹی برآمدات میں اضافہ پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے کی ترقی اور عالمی منڈی میں پاکستانی خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔





