راولپنڈی (جانب منزل نیوز) راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں گرین شرٹس نے دلکش کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد سری لنکن ٹیم کو 82 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو پاکستانی بیٹرز نے غلط ثابت کر دکھایا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا۔ پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم وہ بدقسمتی سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔ ان کے علاوہ کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی بہترین فارم کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے 73 رنز بنائے، جبکہ فخر زمان 22 اور حسن نواز 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
216 رنز کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پوری سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں محض 133 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے مہیش تھیکشنا 32 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ دیگر تمام بیٹرز پاکستانی اٹیک کے سامنے بے بس نظر آئے۔
پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عمران نے 3 اور سلمان مرزا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔





