
اسلام آباد (جانب منزل نیوز) اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے پاکستان پہنچے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بحرینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بحرین کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بحرین کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی رابطوں پر قائم ہیں۔
شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کی استعداد کار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بحرینی وزیر خارجہ نے اپنی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔
ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا تیسرا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔




