لاہور(جانب منزل نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کے پروپیگنڈے کو رد کرتے ہوئے "اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کے مستحقین کی لائیو ویڈیو جاری کر دی ہے
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا کرنے والے حقیقت بھی جان لیں، ان گھروں پر کسی سیاسی جماعت کی تختی نہیں بلکہ عام پاکستانی خاندانوں کا خواب حقیقت بن کر کھڑا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر یہ ماضی کی حکومت کے بنے گھر تھے تو پھر 2 لاکھ 14 ہزار سے زائد بلاسود قرضے کس نے جاری کیے؟
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے 278 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد رقم بلاسود قرضوں کے لیے فراہم کی، جس کے نتیجے میں 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 60 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا جتنا مرضی کر لیں، اصل گواہی اسی کی ہوتی ہے جس خاندان کے ہاتھ میں گھر کی چابی ہو۔








