دبئی (جانب منزل نیوز) سی ای او ڈسکور پاکستان ٹی وی ڈاکٹر قیصر رفیق نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کی ممتاز شخصیت عزت مآب شیخ سہیل محمد الزرعونی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر قیصر رفیق نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے شیخ سہیل محمد الزرعونی کی مسلسل حمایت اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ اقدام کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا، جس کے ذریعے دبئی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر قیصر رفیق اور شیخ سہیل محمد الزرعونی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان حالیہ علاقائی تناؤ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور مزید بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں ڈاکٹر قیصر رفیق نے اپنے روابط اور ڈسکور پاکستان ٹی وی کے وسیع میڈیا نیٹ ورک کو بروئے کار لانے جبکہ شیخ سہیل محمد الزرعونی نے متحدہ عرب امارات میں اپنے مؤثر مقام اور تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مثبت روابط کے فروغ میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت، بالخصوص فیلڈ مارشل آف پاکستان، اور متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان براہِ راست رابطے اور اعلیٰ سطحی ملاقاتیں دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سمت دینے اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ڈاکٹر قیصر رفیق نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ بھائی چارے، اعتماد اور دونوں ممالک کی عوام کے درمیان مضبوط تعلقات کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتے ہیں اور امارات کی ترقی میں ان کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔
ڈاکٹر قیصر رفیق نے شیخ سہیل محمد الزرعونی کی پرتپاک میزبانی، پاکستان کے لیے مسلسل خیرخواہی اور ذاتی دوستی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہونگے





