آسٹریلیا (جانب منزل نیوز) آسٹریلیا کی سینیٹ میں ایک خوبصورت اور منفرد منظر دیکھنے کو ملا، جہاں سینیٹر فاطمہ پیمان قانون سازی پر بحث اور ووٹنگ کے دوران اپنی شیر خوار بیٹی عالیہ کو گود میں لیے ایوان میں موجود رہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں فاطمہ پیمان کو ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر (Digital Duty of Care) قانون سازی کے دوران اپنی پارلیمانی ذمہ داریاں نبھاتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے پیچھے بیٹھی آزاد سینیٹر لیڈیا تھورپ ننھی عالیہ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس کے ساتھ کھیلتی دکھائی دیتی ہیں۔
فاطمہ پیمان 1995 میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیدا ہوئیں۔ ان کے دادا افغانستان کی پارلیمنٹ کے رکن رہ چکے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کی اور 2005 میں آسٹریلوی شہریت حاصل کی۔
آسٹریلوی پارلیمنٹ میں منتخب ہونے والی پہلی افغان نژاد آسٹریلوی اور پہلی باحجاب خاتون سینیٹر ہیں۔ ان کی یہ ویڈیو پارلیمانی ذمہ داریوں اور ماں ہونے کے خوبصورت امتزاج کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔





