اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے قومی سطح کی ’پاکستان سائبر پولیس‘ میں تبدیل کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سائبر کرائمز کے مؤثر سدباب، جدید ٹیکنالوجی، ادارے کی استعداد کار میں اضافے اور میرٹ پر بہترین افسران و اہلکاروں کی بھرتی سے متعلق اہم اصلاحات زیر بحث آئیں۔
مجوزہ اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے چار وفاقی وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جو رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
وزیراعظم نے سائبر کرائم کے مقدمات جلد نمٹانے، ڈیجیٹل جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی اور عوام کو آن لائن تحفظ فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔





