دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں عالمی تعمیراتی نمائش Big 5 Global 2026 میں پاکستان نے اپنی صنعتی صلاحیتوں اور جدید مصنوعات کے ساتھ عالمی مارکیٹ میں قدم مضبوط کرنے کی کوشش تیز کردی۔ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں پاکستان پویلین کا افتتاح قونصل جنرل پاکستان دبئی حسین محمد نے کیا۔
نمائش میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے تحت 5 پاکستانی کمپنیاں شریک ہیں، جو الیکٹریکل کیبلز، لائٹنگ سلوشنز، پی وی سی پائپس، دروازے، آرکیٹیکچرل ایلومینیم مصنوعات، الیکٹرک پنکھے اور لیمینیٹڈ بورڈز پیش کر رہی ہیں۔
بگ 5 گلوبل کی 47ویں نمائش میں دنیا بھر سے 1800 نمائش کنندگان شریک ہیں، جہاں تعمیراتی مواد، جدید ٹیکنالوجی، شہری منصوبہ بندی، ڈیزائن اور بلڈنگ مینجمنٹ کے جدید رجحانات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان پویلین پاکستانی کمپنیوں کے لیے عالمی خریداروں سے براہ راست روابط، نئے تجارتی مواقع کی تلاش اور ملکی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر کا اہم پلیٹ فارم بن رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی تعمیراتی اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لیے بھی وسیع امکانات رکھتی ہے۔





