کراچی (جانب منزل نیوز) پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے گورنر سندھ نہال ہاشمی سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے، تعلیم کے شعبے میں تعاون، تخلیقی صنعتوں (Creative Industries) کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر تعلقات مزید مستحکم بنانے کے امکانات زیرِ غور آئے۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول میں شرکت کے لیے پاکستان آئے کینیڈین فنکاروں نے بھی ملاقات میں شرکت کی اور گورنر ہاؤس سندھ کا دورہ کیا، جہاں انہیں تاریخی عمارت اور اس کی ثقافتی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط کے ساتھ ثقافتی تبادلوں، تخلیقی سرگرمیوں اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کی اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔





