بیجنگ (جانب منزل نیوز) پاکستان کے پہلے خلا نورد کے تاریخی خلائی مشن کی تیاریوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بیجنگ میں چینی خلائی ادارے کے سربراہ اور چائنا گریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن کے صدر فو ژی ہینگ سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے خلائی پروگرام اور پاک چین سائنسی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پروفیسر احسن اقبال کے مطابق پاکستان کے پہلے خلا نورد کو چینی خلائی اسٹیشن پر جانے کا اعزاز حاصل ہوگا، جو کسی غیر ملکی خلا نورد کی اس نوعیت کی پہلی میزبانی ہوگی۔ اس تاریخی مشن کو پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی اور سائنسی شراکت داری کی نئی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے بتایا کہ خلائی مشن کے لیے دو پاکستانی خلا نوردوں کی تربیت مکمل ہوچکی ہے، جبکہ تاریخی پرواز سے قبل ان دونوں میں سے ایک کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا نورد کی خلائی پرواز نہ صرف قومی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی بلکہ خلائی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، سائنسی ترقی اور نوجوان نسل کے لیے نئے امکانات کے دروازے بھی کھولے گی۔
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کی یہ پیش رفت دونوں ممالک کی فولادی دوستی کو نئی جہت دینے اور پاکستان کو عالمی خلائی تحقیق کے میدان میں آگے بڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دی جارہی ہے۔





