لاہور (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، امن و امان، انتظامی اصلاحات اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور انتظامی یونٹس کو مضبوط و بااختیار بنانے کے امکانات بھی زیرِ بحث آئے۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام براہِ راست عوامی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے جڑا معاملہ ہے۔ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی عوامی مسائل کے حل کا ایک مؤثر راستہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عام لوگ ہیں، عوام کی منشا کے مطابق فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔ اگر آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والا وقت معاف نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عوام کی خواہشات اور مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انسدادِ دہشت گردی اور قیامِ امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی چوہدری شجاعت حسین کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔





