دوحہ (جانب منزل نیوز) اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی میں پاکستان شاہینز نے روایتی حریف بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر شاندار کامیابی اپنے نام کرلی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49.2 اوورز میں 313 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ حسن نواز نے 79 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ معاذ صداقت نے 59 اور فرحان یوسف نے 56 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا، کپتان تلک ورما نے سنچری جڑ دی جبکہ ابھیشیک شرما نے 70 رنز بنائے، لیکن پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بھارتی بیٹنگ لائن آخری اوور سے پہلے ہی بکھر گئی۔ پوری ٹیم 49.1 اوورز میں 265 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز اور علی رضا نے تین، تین وکٹیں حاصل کرکے بھارتی بیٹنگ کی کمر توڑ دی، محمد عمران نے دو جبکہ سفیان اور احمد دانیال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں اس فارمیٹ میں اب تک 14 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں، بھارت اے نے 9 جبکہ پاکستان شاہینز نے 5 میچز جیتے ہیں۔ 2023 کے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ فائنل میں بھی پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 128 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔





