دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے 55ویں قومی دن عید الاتحاد کی تقریبات نے ساحلی شہر کلبا میں منفرد رنگ بکھیر دیے، اماراتی پرچموں سے سجی کشتیوں کی شاندار پریڈ نے سمندر کو قومی رنگوں سے مزین کردیا۔
کلبا فشرمینز ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقدہ تقریب میں مقامی ماہی گیروں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ خور کلبا پورٹ سے شروع ہونے والی اس بحری پریڈ میں شیخ ہیثم بن صقر القاسمی بھی موجود تھے۔
سمندر میں لہراتے اماراتی پرچموں اور کشتیوں کی خوبصورت قطاروں نے اتحاد، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کا دلکش منظر پیش کیا۔ بچوں سے لے کر بزرگوں تک ہر عمر کے افراد نے اس جشن میں حصہ لیا۔
کلبا فشرمینز کوآپریٹو ایسوسی ایشن کے چیئرمین علی سالم بن حیدر کے مطابق یہ تقریب اماراتی معاشرے کے مضبوط رشتوں، قومی شناخت اور مشترکہ ورثے کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سرگرمی کے ذریعے کلبا کی قدیم بحری روایات کو قومی جشن کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
55ویں عید الاتحاد کے سلسلے میں منعقدہ یہ منفرد پریڈ متحدہ عرب امارات کی قومی تاریخ، ثقافت اور اتحاد سے وابستگی کا خوبصورت اظہار بن گئی۔





