راولپنڈی (جانب منزل نیوز) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ 24 نومبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا راولپنڈی میں شاندار اور تاریخی استقبال کیا جائے گا، تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
مسلم لیگ ن سوشل میڈیا یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ استقبال میں نوجوان بھرپور کردار ادا کریں گے، شہر کے مختلف مقامات پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہوگی اور وزیراعلیٰ کی آمد پر راستوں کو پھولوں سے سجایا جائے گا۔
حنیف عباسی نے بتایا کہ مریم نواز کو سونے کا تاج بھی پہنایا جائے گا۔ حنیف عباسی کے مطابق نوجوانوں نے بغیر کسی فنڈنگ کے کنونشن میں بھرپور شرکت کرکے اپنے جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔
وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے ریلوے منصوبوں کے لیے 15 سے 16 ارب روپے فراہم کیے ہیں، جبکہ راولپنڈی میں 400 بستروں کا ہسپتال جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔





