دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی نے صحت مند طرزِ زندگی، کھیلوں اور اجتماعی سرگرمیوں کے فروغ میں ایک اور شاندار مثال قائم کردی۔ دبئی رن 2026 میں 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد کی شرکت نے ایونٹ کو ایک تاریخی عوامی اجتماع میں تبدیل کردیا، جہاں شیخ زاید روڈ پر مختلف قومیتوں کے افراد، خاندانوں، نوجوانوں اور پروفیشنل رنرز نے ایک ساتھ دوڑ لگائی۔
دبئی فٹنس چیلنج کے تحت منعقدہ اس میگا ایونٹ میں شرکا کے لیے 5 اور 10 کلومیٹر کے روٹس ترتیب دیے گئے، جن میں شہر کے معروف مقامات بھی شامل تھے۔ بلند و بالا عمارتوں کے درمیان ہزاروں افراد کی دوڑ نے دبئی کی مرکزی شاہراہ کو ایک منفرد اسپورٹس ٹریک کا منظر پیش کیا۔
دبئی رن کا مقصد صرف دوڑ کا مقابلہ نہیں بلکہ شہریوں کو متحرک، صحت مند اور فعال زندگی گزارنے کی ترغیب دینا، معاشرتی روابط مضبوط کرنا اور کھیلوں کو ہر عمر کے افراد کے لیے قابلِ رسائی بنانا ہے۔
دبئی فٹنس چیلنج کے 10ویں ایڈیشن کے تحت جاری سرگرمیوں میں شہریوں اور سیاحوں کو 30 دن تک روزانہ 30 منٹ ورزش کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے، جس کے ذریعے صحت مند معاشرے اور فٹنس کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔





