ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے ثقافتی سیاحت اور جدید طرزِ زندگی کو نئی جہت دینے کے لیے ابوظہبی میں ایک منفرد تخلیقی مرکز NOMA متعارف کرا دیا ہے۔ الدار پراپرٹیز کے اس منصوبے میں آرٹ، موسیقی، فلم، خریداری اور رہائش کی سہولیات ایک ہی مقام پر میسر ہوں گی۔
جزیرہ سعدیات پر 88 ہزار مربع میٹر رقبے پر تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ پیدل چلنے والوں کو ترجیح دیتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہاں آرٹ گیلریز، تخلیقی اسٹوڈیوز، آزاد دکانیں، ریستوران، ہوٹل، تھیٹر اور جدید رہائشی یونٹس قائم کیے جائیں گے۔
NOMA کی سب سے دلچسپ خصوصیت چھت پر بننے والا اوپن ایئر سنیما ہوگا۔ معروف آزاد سینما پلیٹ فارم Cinema Akil ابوظہبی میں اپنا پہلا مرکز قائم کرے گا، جہاں انڈور اسکرینز کے ساتھ موسمی روف ٹاپ سنیما بھی شائقین کو فلمی تفریح فراہم کرے گا۔
لندن کا معروف میوزک پلیٹ فارم KOKO عالمی اور علاقائی فنکاروں کے پروگرامز ترتیب دینے میں تعاون کرے گا، جبکہ Frieze اور Monocle بھی اس منصوبے سے وابستہ ہوں گے۔
منصوبے کے ایک تہائی سے زائد گراؤنڈ فلور کو آرٹ، ثقافت اور تعلیم کے لیے مختص کیا جائے گا۔ یہاں چھ تخلیقی مراکز، ورکشاپس، کمیونٹی تھیٹر، نمائشوں اور فنکارانہ سرگرمیوں کے لیے خصوصی مقامات بنائے جائیں گے۔
رہائشی سہولیات میں اسٹوڈیو، ایک اور دو بیڈ روم اپارٹمنٹس، ٹاؤن ہاؤسز اور لائیو ورک ہاؤسز شامل ہوں گے۔ سایہ دار پیدل راستے اور ایئرکنڈیشنڈ پل NOMA کو سعدیات گروو اور قریبی میوزیمز سے منسلک کریں گے، جبکہ مامشا بیچ تک پیدل تقریباً 10 منٹ میں پہنچا جاسکے گا۔
الدار کے مطابق NOMA کو صرف عمارتوں کے مجموعے کے بجائے ایک مستقل تخلیقی کمیونٹی کے طور پر پروان چڑھایا جائے گا، جہاں فنکار، کاروباری افراد اور رہائشی مل کر ایک متحرک ثقافتی ماحول تشکیل دیں گے۔ منصوبے کے مختلف مراحل اور رہائشی مواقع کی مزید تفصیلات نئے سال میں جاری کی جائیں گی۔





