راولپنڈی (جانب منزل نیوز) وطن کی خاطر جان قربان کرنے والوں کی یادیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں، پاک فوج کے شہید میجر اسحاق اعوان کی قربانی سے جڑی ایک جذباتی یادگار تصویر سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے، جس نے محبت، وفاداری اور شہادت کے احساسات تازہ کردیے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق شہید کی اہلیہ نے شہادت کے وقت استعمال ہونے والی پٹی کو محفوظ رکھا، جس پر کلمہ طیبہ تحریر کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پٹی پر شہید کے خون کے نشانات بھی موجود ہیں، جو ان کی عظیم قربانی کی یادگار ہیں۔
تصویر میں شہید کی اہلیہ کو ان کی تصویر پر ہاتھ رکھے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ساتھ موجود فریم میں کلمہ طیبہ درج ہے۔ یہ منظر ایک ایسے رشتے کی خاموش داستان بیان کرتا ہے جس میں جدائی کے باوجود محبت، عقیدت اور یادیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔
شہید میجر اسحاق اعوان کی یہ یادگار وطن سے محبت، فرض شناسی اور قربانی کے جذبے کی عکاس ہے، جو اہلِ وطن کے دلوں میں احترام کی علامت بن کر ہمیشہ زندہ رہے گی۔
اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔





