لاہور (جانب منزل نیوز) پاکستان کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹس میں بڑی تبدیلیاں، محمد رضوان اور صائم ایوب نئے معاہدوں کی فہرست میں جگہ نہ بنا سکے، پی سی بی نے 38 کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا۔
چیف سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کی پاکستان کرکٹ کے لیے گراں قدر خدمات ہیں، حالات سازگار ہونے پر انہیں دوبارہ ٹیم میں منتخب کیا جاسکتا ہے۔
عاقب جاوید نے واضح کیا کہ بابر اعظم اور سلمان علی آغا ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے باہر نہیں ہوئے، جبکہ ٹیم میں انتخاب اور سینٹرل کنٹریکٹ کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، اچھی کارکردگی دکھانے والا کھلاڑی کسی بھی فارمیٹ میں کھیل سکتا ہے۔
ان کے مطابق فارمیٹ کی بنیاد پر کنٹریکٹس دینے کا مقصد کھلاڑیوں کو اپنے مخصوص فارمیٹ پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ، ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ڈیویلپمنٹ کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔





