کراچی (جانب منزل نیوز) پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات توانائی کے شعبے میں نئے امکانات کی دہلیز پر پہنچ گئے، ترک وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اہم دورے پر کراچی پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، صوبائی وزیر ذوالفقار علی شاہ اور سیکریٹری پٹرولیم حامد یعقوب شیخ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترک وزیر توانائی پاکستان کے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے آنے والے ترکیہ کے جدید سیسمک بحری جہاز کی آمد کے موقع پر اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ دونوں ممالک کے وزرائے توانائی کل کراچی بندرگاہ پر اس بحری جہاز کا استقبال کریں گے۔
دوطرفہ تعاون کے اس اہم مرحلے کو پاکستان کی آف شور ایکسپلوریشن سرگرمیوں میں نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ترک وزیر توانائی کی خود پاکستان آمد دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے اشتراک اور عملی تعاون کی عکاس ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے دو دہائیوں کے طویل وقفے کے بعد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے بلاکس کی نیلامی کی تھی۔ ترک سیسمک بحری جہاز کی آمد سے پاکستانی سمندری حدود میں توانائی کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔





