لاہور (جانب منزل نیوز) کرکٹ کے میدانوں کے بے تاج بادشاہ اور سابق قومی کپتان انضمام الحق اسمارٹ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے گیانا سے آئے کرکٹرز سے خصوصی ملاقات کی اور اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے قیمتی تجربات سے انہیں مستفید کیا۔
چار ہفتوں کے تربیتی پروگرام میں شریک کھلاڑیوں کو انضمام الحق نے محنت، ڈسپلن، مستقل مزاجی اور کھیل کے بدلتے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنے کے اہم گُر بتائے۔ انہوں نے نوجوان کرکٹرز پر زور دیا کہ وہ اس منفرد بین الاقوامی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
انضمام الحق نے لاہور قلندرز کے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے کرکٹ ماحول میں سیکھنے کے مواقع دینا کھیل کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہے۔ گزشتہ دس برس سے جاری لاہور قلندرز کی یہ کاوش اب بین الاقوامی سطح پر وسعت اختیار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیانا کے کھلاڑی پاکستان آئے ہیں تو پاکستانی کرکٹرز بھی گیانا جائیں گے اور ایک دوسرے کے تجربات سے اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کریں گے۔





