راولپنڈی (جانب منزل نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ میں بڑے سپر اسٹارز کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ماضی کا ایک یادگار واقعہ بیان کر دیا۔
شعیب اختر کے مطابق 2004 میں راولپنڈی میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران سابق کپتان عمران خان اپنے بچوں کو میچ دکھانے اسٹیڈیم لائے تھے۔ عمران خان نے اپنے بچوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فخر سے کہا تھا کہ یہ کرکٹ کی تاریخ کا تیز ترین باؤلر ہے۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کرکٹ میں ایسا کوئی ہیرو نظر نہیں آتا جسے وہ اپنے بچوں کو دکھانے کے لیے اسٹیڈیم لے جا سکیں۔
سابق فاسٹ باؤلر نے زور دیا کہ شائقین کی کرکٹ میں دلچسپی اور اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال کرنے کے لیے پاکستان کو بڑے میچ ونرز اور عالمی سطح کے سپر اسٹار کھلاڑی پیدا کرنا ہوں گے۔





