اسلام آباد (جانب منزل نیوز) پاکستان کے خلائی سفر میں ایک نیا اور تاریخی باب رقم ہونے جا رہا ہے، جہاں پہلی مرتبہ پاکستانی خلا باز چین کے خلائی مشن کے ذریعے خلا کی وسعتوں میں قدم رکھے گا۔ 25 نومبر کو شیڈول شین ژو 24 (Shenzhou-24) مشن کو پاک چین خلائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
سپارکو (SUPARCO) کے مطابق محمد ذیشان علی اور خرم داؤد چین میں خلائی تربیت مکمل کر چکے ہیں، دونوں امیدواروں میں سے ایک کو بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ (Payload Specialist) خلا میں بھیجنے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
تاریخی مشن کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستانی خلا باز چین کے تیانگونگ (Tiangong) خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔ اس کامیابی سے پاکستان کو عالمی خلائی تحقیق کے میدان میں نئی شناخت ملنے کی توقع ہے۔
مشن کے لوگو میں پاکستان کے قومی پھول چنبیلی کو بھی شامل کیا گیا ہے، جو پاک چین دوستی، قومی شناخت اور سائنسی تعاون کی خوبصورت علامت بن گیا ہے۔
پاکستان کے لیے خلا کا سفر نہیں بلکہ جدید سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کی دنیا میں ایک نئی منزل کی جانب پیش قدمی ہے۔





